Urdu Short Stories

سستی عزت – ٹھکرائی جانے والے ایک خودار لڑکی کی کہانی

دل پہ لگے زخم ابھی تازہ تھے. یہ آج سے کوئی دس دن پہلےیہ واقعہ ہے جس نے اس کی زندگی ہی بدل دی۔ شام کی ڈیوٹی ختم ہونے پر جب وہ ہسپتال کے لمبے، نیم روشن کوریڈور سے گزرتی ہوئی باہر نکلنے لگی تو اس کے قدم اچانک ٹھٹھک گئے۔ دروازے کے قریب دو وارڈ بوائے ایک اسٹریچر کو جلدی جلدی گھسیٹتے ہوئے ایمرجنسی کی طرف لے جا رہے تھے، اور اس اسٹریچر پر پڑا ایک نوجوان لڑکا خون میں بری طرح لت پت تھا۔ اس کے کپڑے پھٹے ہوئے تھے، چہرہ زخموں سے بھرا ہوا اور سانسیں مدھم تھیں، جیسے زندگی اس کے جسم سے آہستہ آہستہ رخصت ہو رہی ہو۔ اگرچہ اس کی شفٹ ختم ہو چکی تھی اور وہ شدید تھکن محسوس کر رہی تھی، مگر اس کا دل گوارا نہ کر سکا کہ وہ ایک مرتے ہوئے انسان کو اس حال میں چھوڑ کر چلی جائے، خاص طور پر جب اسے ڈاکٹر فوزیہ کا فون آ چکا تھا کہ شدید ٹریفک میں پھنس چکی ہے اور کم از کم آدھا گھنٹہ تاخیر سے پہنچیں گی۔اس لیے یہ ایک صبر آزما لمحہ تھا.
وہ فوراً پلٹی اور تیزی سے ایمرجنسی روم کی طرف بڑھی۔ مریض کی حالت نہایت تشویشناک تھی؛ دونوں ٹانگیں بری طرح ٹوٹی ہوئی تھیں، ایک بازو بھی فریکچر تھا، اور جسم کے مختلف حصوں پر گہرے زخموں کے نشانات تھے۔ سب سے خطرناک بات یہ تھی کہ اس کا بہت زیادہ خون بہہ چکا تھا، جس کے باعث وہ مکمل بے ہوشی کی حالت میں تھا۔ اس نے ایک لمحے کے لیے مریض کے چہرے پر نظر ڈالی تو اس کے ذہن میں جیسے کوئی مدھم سی پہچان ابھری، جیسے ماضی کا کوئی سایہ اچانک سامنے آ گیا ہو۔ مگر اگلے ہی لمحے وہ نرم سی پہچان سخت غصے میں بدل گئی۔ اس کی آنکھوں میں ایک عجیب سی چمک پیدا ہوئی.وہ اس شخص کو پہچان چکی تھی۔مگر اس کے باوجود، اس نے اپنے جذبات کو ایک طرف رکھا اور پوری پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ کام میں جت گئی۔ اس نے فوری طور پر ابتدائی طبی امداد شروع کی، خون روکنے کی کوشش کی، ڈرپس لگائیں، اور ضروری ادویات دیں۔ اس کے ہاتھ تیزی سے کام کر رہے تھے مگر دل کے اندر ایک طوفان برپا تھا. ماضی کی تلخ یادیں، شکایتیں اور ادھورے سوالات سب ایک ساتھ جاگ اٹھے تھے۔ پھر بھی اس نے اپنی ذات کو پیچھے رکھا اور صرف ایک ڈاکٹر ہونے کا فرض نبھایا۔اگر وہ چاہتی تو اس انسان سے اس کے ظلم کا بدلہ لے سکتی تھی اور یہ اس کے لیے ایک اچھا موقع تھا.
کچھ ٹائیم بعدجب ڈاکٹر فوزیہ آئی سی یو میں داخل ہوئیں تو اس نے نہایت تفصیل سے مریض کی حالت، دی گئی ادویات اور کیے گئے تمام اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس کی آواز میں پیشہ ورانہ سنجیدگی تھی، جیسے دل میں اٹھنے والے طوفان کا اس سے کوئی تعلق ہی نہ ہو۔ بریفنگ مکمل کرنے کے بعد اس نے ایک گہرا سانس لیا، خاموشی سے اپنا رخ موڑا اور ہسپتال کی پارکنگ کی طرف چل دی۔ باہر کی ٹھنڈی ہوا نے اس کے چہرے کو چھوا، مگر اس کے اندر کی گرمی اور بے چینی کم نہ ہو سکی۔ وہ گاڑی میں بیٹھی اور سیدھا گھر کا رخ کیا، مگر اس کے ذہن میں وہ چہرہ بار بار ابھر رہا تھا۔ایک احسان اس کے دماغ پر ہتھوڑے برسا رہا تھا.
یہ سب کچھ آج سے ٹھیک ایک سال پہلے شروع ہوا تھا، جب زویہ کی ماں اس کی شادی کے لیے حد سے زیادہ فکر مند ہو چکی تھیں۔ انہوں نے نہ جانے کتنے رشتہ داروں، جان پہچان والوں اور دوستوں کو یہ ذمہ داری سونپ رکھی تھی کہ وہ زویہ کے لیے ایک اچھا، مناسب اور باعزت رشتہ تلاش کریں۔ گھر میں ہر وقت اسی موضوع پر بات ہوتی، ہر دوسرے دن کوئی نیا رشتہ زیرِ بحث آتا، اور زویہ خاموشی سے سب کچھ سنتی رہتی.بے خبر کہ قسمت اس کے لیے ایک ایسا موڑ لے کر آنے والی ہے جو اس کی پوری زندگی بدل دے گا۔اس نے اپنے گھر والوں کو پورا اختیار دیا ہوا تھا کہ جہاں چاہیں اس کی شادی کر دیں وہ ان کی خوشی اور پسند میں ہی خوش رہے گی.
چند ہی دنوں میں اس کی ماں کی انتھک کوششیں رنگ لے آئیں اور زویہ کے لیے ایک نہایت ہی معزز اور خوشحال گھرانے سے رشتہ آ گیا۔ جیسے ہی لڑکے اور اس کے خاندان کے بارے میں مکمل معلومات حاصل ہوئیں، اس کی ماں کی خوشی دیدنی تھی۔ ان کی آنکھوں میں ایک چمک سی آ گئی تھی اور چہرے پر اطمینان کی ایسی جھلک تھی جیسے برسوں کی دعائیں قبول ہو گئی ہوں۔ اس دن جب زویہ ہسپتال سے واپس آئی تو ماں نے بے صبری سے اسے اپنے پاس بٹھایا اور ایک ایک بات تفصیل سے بتانے لگیں۔ “بیٹا، لڑکا اپنے ماں باپ کا اکلوتا بیٹا ہے، ایم بی اے کیا ہوا ہے، اپنا ذاتی بزنس ہے، اور شکل و صورت میں بھی کسی سے کم نہیں۔” انہوں نے بڑے فخر سے ایک لفافہ اس کی طرف بڑھایا، “یہ اس کی تصویر ہے، تم خود دیکھ لو۔ ہمیں تو وہ ہر لحاظ سے تمہارے لیے بہترین لگا ہے۔ اگر اللہ نے چاہا اور یہ رشتہ طے ہو گیا تو سچ مانو، تم دونوں چاند سورج کی جوڑی لگو گے۔”
زویہ نے ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ لفافہ ہاتھ میں لیا اور ماں کی طرف شرارتی انداز میں دیکھتے ہوئے بولی، “امی ابھی تو وہ لوگ ہمیں دیکھنے بھی نہیں آئے اور آپ نے تو ہماری جوڑی کو چاند سورج سے بھی ملا دیا!” اس کے لہجے میں شرارت بھی تھی اور پیار بھی، جیسے وہ ماں کی خوشی کو چھیڑ کر اور بڑھانا چاہتی ہو۔ ماں نے اس کی بات سن کر اسے محبت بھری نگاہوں سے دیکھا اور آہستہ سے اس کے سر پر ہاتھ پھیرتے ہوئے بولیں، “تمہیں کیا پتا میری جان، اولاد کتنی پیاری ہوتی ہے۔ ماں کا دل تو یہی چاہتا ہے کہ دنیا کی ہر خوشی اپنے بچوں کے قدموں میں لا کر رکھ دے۔ جب تم خود ماں بنو گی نا، تب تمہیں اس جذبے کی گہرائی کا اندازہ ہوگا۔”
ماں کی بات سن کر زویہ کے گال ہلکے سے سرخ ہو گئے اور وہ شرماتے ہوئے نظریں جھکا گئی۔ “امی، آپ بھی نا…” اس نے دھیمی آواز میں کہا اور ہلکی سی ہنسی اس کے لبوں پر بکھر گئی۔ ماں اس کی جھینپی ہوئی صورت دیکھ کر مسکرا دیں اور اٹھتے ہوئے بولیں، “اچھا، میں تمہارے ابو کو کھانا دے آؤں، اور ہاں ایک ضروری بات سن لو…” وہ دروازے کی طرف بڑھتے ہوئے رکیं اور پلٹ کر بولیں، “کل لڑکے والے تمہیں دیکھنے آ رہے ہیں۔ اس لیے میری جان، اچھے سے تیار ہو جانا، اور ہاں، کل ہسپتال سے بھی تھوڑا جلدی آ جانا۔”
یہ کہہ کر وہ کمرے سے نکل گئیں، مگر زویہ وہیں بیٹھی رہ گئی، ہاتھ میں پکڑی تصویر کو دیکھتے ہوئے۔ اس کے دل میں ایک عجیب سی بے چینی اور ہلکی سی خوشی ایک ساتھ جنم لے رہی تھی، جیسے زندگی ایک نئے موڑ پر کھڑی ہو.جہاں آگے کیا ہونے والا ہے، اس کا اندازہ تو تھا، مگر یقین ابھی باقی تھا۔
“جی امی ٹھیک ہے، آپ چلیں، میں ابھی آتی ہوں۔” زویہ نے نرمی سے جواب دیا، مگر اس کی آواز میں ایک ہلکی سی بے قراری چھپی ہوئی تھی۔ وہ اپنے ماں باپ کی اکلوتی بیٹی تھی، اسی لیے اسے ہمیشہ بے حد ناز و نعم اور محبت کے سائے میں پروان چڑھایا گیا تھا۔ مگر حیرت کی بات یہ تھی کہ اتنی لاڈلی ہونے کے باوجود اس کے مزاج میں کوئی بگاڑ نہیں آیا تھا۔ وہ نہایت معصوم، پاکیزہ دل اور حساس طبیعت کی مالک تھی۔ ایم بی بی ایس مکمل کرنے کے بعد وہ ایک سرکاری ہسپتال میں بطور ڈاکٹر اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی تھی۔ اس کی ماں ایک سادہ سی گھریلو خاتون تھیں، جبکہ والد صاحب سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہو چکے تھے۔ مجموعی طور پر وہ ایک باعزت اور خوشحال گھرانے سے تعلق رکھتے تھے، جہاں سادگی کے ساتھ وقار بھی تھا۔
جیسے ہی خالدہ بیگم کمرے سے باہر گئیں، زویہ کی نظریں بے اختیار بیڈ پر رکھے اس لفافے پر جا ٹھہریں۔ اس کے دل میں جیسے کوئی انجانی سی کھنچاؤ پیدا ہوا، اور اس کا ہاتھ خودبخود اس لفافے کی طرف بڑھ گیا۔ اس نے آہستگی سے تصویر باہر نکالی، اور اگلے ہی لمحے اس کی سانس جیسے تھم سی گئی۔ تصویر میں ایک نوجوان لڑکا.تیمور خان.اپنی وجاہت اور پُراعتماد مسکراہٹ کے ساتھ کھڑا تھا۔ اس کی آنکھوں میں ایک عجیب سی کشش تھی، جیسے وہ سیدھا زویہ کے دل میں اتر رہی ہو۔ زویہ کچھ لمحوں تک تصویر کو یونہی دیکھتی رہی، جیسے وقت تھم گیا ہو۔ اس کے دل کی دھڑکن بے ترتیب ہو گئی تھی۔ اسے خود اپنی اس کیفیت پر حیرت ہو رہی تھی۔ وہ کوئی ناسمجھ لڑکی نہیں تھی جو پہلی نظر میں کسی کی طرف مائل ہو جائے۔ وہ پچیس سال کی ایک سنجیدہ، سمجھدار اور ذہین ڈاکٹر تھی، جس نے ہمیشہ زندگی کو حقیقت کی نظر سے دیکھا تھا، نہ کہ خوابوں کی دنیا میں رہ کر۔ مگر آج، نہ جانے کیوں، اس کے دل میں ایک نرم سا احساس جنم لے چکا تھا۔
اچانک اسے کسی ناول کی ایک سطر یاد آئی—“پہلی نظر کی محبت کا بھی اپنا ایک الگ نشہ ہوتا ہے” اور وہ خود کو اس حقیقت کے سامنے ہارا ہوا محسوس کرنے لگی۔ اس نے ایک ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ تصویر کو دوبارہ لفافے میں رکھا اور نہایت احتیاط سے اپنے تکیے کے نیچے رکھ دیا، جیسے کوئی قیمتی راز چھپا رہی ہو۔ اب اس کے دل میں کل کے دن کا انتظار شدت اختیار کر چکا تھا۔
اگلے دن جب وہ تیار ہو کر، ہلکے میک اپ اور سادگی میں چھپی خوبصورتی کے ساتھ ڈرائنگ روم میں داخل ہوئی تو اس کا دل زور زور سے دھڑک رہا تھا۔ کمرے میں داخل ہوتے ہی اس کی نظر زبیدہ آپا پر پڑی، جو رشتے کروانے کے حوالے سے خاندان میں خاصی مشہور تھیں۔ ان کے ساتھ والے صوفے پر ایک وجیہہ مگر قدرے سنجیدہ چہرے والی، بڑی عمر کی خاتون بیٹھی تھیں، جن کے لباس اور انداز سے ہی ان کی امارت اور جدید طرزِ زندگی جھلک رہی تھی۔ ان کے مہنگے ملبوسات، نفیس زیورات اور پُراعتماد انداز دیکھ کر زویہ نے فوراً اندازہ لگا لیا کہ یہ یقیناً تیمور کی والدہ رضوانہ بیگم.ہیں۔
وہ ابھی سلام کرنے کے لیے آگے بڑھی ہی تھی کہ زبیدہ آپا نے اسے دیکھتے ہی بلند آواز میں “ماشاءاللہ، ماشاءاللہ” کہنا شروع کر دیا اور فوراً اس کا ہاتھ تھام کر اسے رضوانہ بیگم کے سامنے لا بٹھایا۔ زویہ نے جھک کر سلام کیا، جس کا جواب ایک ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ دیا گیا۔ رضوانہ بیگم کی نظریں اس پر اس طرح ٹھہریں جیسے وہ اس کے ظاہر و باطن کا مکمل جائزہ لے رہی ہوں۔ انہوں نے سر سے پاؤں تک اسے غور سے دیکھا.اس کے لباس، انداز، نشست، حتیٰ کہ اس کے چہرے کے تاثرات تک کو پرکھا.اور پھر آہستہ سے رخ زویہ کی ماں کی طرف موڑتے ہوئے گویا ہوئیں.
“دیکھیے،ہم ٹھہرے خاندانی لوگ اور ہمارا معیار زندگی بہت بلند ہے، شان و شوکت ہماری میراث ہے۔ ہم جیسے لوگ حسب و نسب اور سماجی حیثیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتے…یہ باتیں آپ کو معلوم ہونا چاہیئں” رضوانہ بیگم کی آواز میں ایسا غرور اور تکبر گھلا ہوا تھا کہ کمرے کی فضا یکدم بوجھل ہو گئی۔ وہ بات کرتے ہوئے زویہ پر ایک سرسری مگر تحقیر آمیز نظر ڈالتی رہیں، “آپ کی بیٹی شکل و صورت میں لاکھ اچھی ہو، تعلیم بھی اچھی ہے، مگر میرا بیٹا تو شہزادوں کو بھی مات دیتا ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ یہ جوڑی ساتھ چل سکے گی۔”
انہوں نے ایک لمحے کو توقف کیا، جیسے اپنے الفاظ کا اثر دیکھنا چاہتی ہوں، پھر زبیدہ آپا کی طرف دیکھ کر بولیں، “آپ نے تو ہمیں ان لوگوں کے اسٹیٹس کے بارے میں کچھ اور ہی بتایا تھا… لیکن معاف کیجیے بہن، یہاں تو لگتا ہے کہ گزارا بھی مشکل سے ہوتا ہوگا۔ بہرحال، ہمیں اس سے کیا؟ میں معذرت چاہتی ہوں، مگر میں اپنے بیٹے کی شادی کسی کم حیثیت والے گھر میں کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتی۔ آپ لوگ اپنی بیٹی کے لیے کوئی اور رشتہ دیکھ لیجیے۔ خدا حافظ۔”
یہ کہہ کر وہ مغرور انداز اپنائے اور شان سے سر اٹھائے، ایک آخری سرسری نظر پورے گھر پر ڈالتی ہوئی تیزی سے دروازے کی طرف بڑھ گئیں۔ کمرے میں ایک عجیب سی خاموشی چھا گئی.ایسی خاموشی جس میں الفاظ سے زیادہ زخمی احساسات بولتے ہیں۔
زویہ کی ماں گھبرا کر فوراً اٹھیں، جیسے کچھ کہہ کر اس بگڑتی ہوئی صورت حال کو سنبھال لینا چاہتی ہوں، مگر زویہ نے نرمی سے ان کے کندھے پر ہاتھ رکھا اور آہستہ سے سر ہلا کر انہیں روک لیا۔ اس کے چہرے پر ایک عجیب سا سکون تھا، مگر آنکھوں کی گہرائی میں ٹوٹے ہوئے خوابوں کی کرچیاں صاف نظر آ رہی تھیں۔دل تو زویہ کا بھی ٹوٹا تھا. زبیدہ آپا بھی خفت اور شرمندگی کے عالم میں خاموشی سے رضوانہ بیگم کے پیچھے نکل گئیں، شاید بات سنبھالنے کی ایک آخری کوشش کے طور پر۔
وہی زویہ، جس کی خوبصورتی اور ذہانت کے چرچے دور دور تک تھے، آج ایک لمحے میں کسی کے غرور کے نیچے روند دی گئی تھی۔ کل تک تیمور خان کی تصویر دیکھ کر اس کا دل خوشی سے اچھل رہا تھا، وہ انجانے خوابوں کی ایک حسین دنیا میں کھو گئی تھی۔زندگی کے حسین پل اس کیساتھ جوڑ کر رات بھر وہ جو خواب بنتی رہی تھی اب راکھ کا ڑھیر بن چکے تھے. مگر آج اسی دنیا نے اسے بے رحمی سے حقیقت کی زمین پر لا پٹخا تھا۔
کمرے میں پھیلی خاموشی کو توڑتے ہوئے اس نے آہستہ مگر مضبوط لہجے میں کہا، “امی… آج کل کوئی نیک نامی یا شرافت نہیں دیکھتا۔ ہر کسی کو بس بڑا خاندان اور بڑی حیثیت چاہیے۔ جب رشتوں کو دولت کے ترازو میں تولا جائے نا… تو پھر وہ رشتے نہیں رہتے، صرف خواہشات اور ہوس بن جاتے ہیں۔شکر ادا کریں اللہ نے ہمیں ان ہوس پرستوں سے بچا لیا جو صرف دولت کو ہی اپنا سب کچھ مانتے ہیں”
اس نے ایک لمحے کو رک کر گہرا سانس لیا، جیسے اپنے اندر کے طوفان کو قابو میں لا رہی ہو، پھر بولی، “آپ زبیدہ آپا کو منع کر دیں کہ آج کے بعد وہ میرے لیے کوئی رشتہ نہ لائیں۔ آج انہوں نے جتنی عزت افزائی ہماری کروا دی ہے، وہی کافی ہے۔ اور… میں نہیں چاہتی کہ وہ عورت دوبارہ کبھی ہمارے گھر آئے۔”
اس کی آواز میں دکھ بھی تھا، تلخی بھی، مگر سب سے بڑھ کر ایک خودداری تھی. ایسی خودداری جو ٹوٹنے کے باوجود بکھرنے نہیں دیتی، بلکہ انسان کو اور مضبوط بنا دیتی ہے۔اس کے دل میں اس عورت کی باتیں ہتھوڑے برسا رہی تھیں اور دل کے اندر نازک شیشے کی طرح کچھ زور سے ٹوٹ کر بکھر گیا تھا۔ یہ صرف ایک رشتے کا انکار نہیں تھا، بلکہ اس کی خودداری پر لگا وہ زخم تھا جس نے اسے اندر تک لہولہان کر دیا تھا۔ سب سے زیادہ تکلیف دہ بات یہ تھی کہ یہ بے عزتی اسی شخص کی ماں کے ہاتھوں ہوئی تھی، جسے وہ پہلی ہی نظر میں انجانے میں اپنا دل دے بیٹھی تھی۔ اس کے لیے یہ سب کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا۔ آنکھوں میں اترتے آنسوؤں کو روکنے کی ناکام کوشش کرتی ہوئی وہ تیزی سے اپنے کمرے کی طرف بھاگی، اور دروازہ بند کرتے ہی جیسے اس کا ضبط ٹوٹ گیا.دل بھر آیا اور آنکھیں خاموشی سے اس دکھ کو بہانے لگیں جسے لفظوں میں بیان کرنا ممکن نہ تھا۔
دوسری طرف اس کی ماں اب تک اسی صدمے میں بیٹھی تھیں۔ ان کے لیے یہ بات ناقابلِ یقین تھی کہ کوئی شخص محض دولت اور سماجی حیثیت کی بنیاد پر ایک ایسی لڑکی کو ٹھکرا دے جو نہ صرف بے حد خوبصورت تھی بلکہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور بہترین اخلاق و کردار کی مالک بھی تھی۔ انہیں یوں محسوس ہو رہا تھا جیسے کسی نے ان کی برسوں کی پرورش اور محبت کو ایک لمحے میں کمتر ثابت کر دیا ہو۔ وہ خاموش بیٹھی یہی سوچتی رہیں کہ آخر کب سے انسان کی قدر کا معیار صرف اس کی مالی حیثیت بن گیا ہے؟
××××
ادھر ہسپتال کے سفید و سنجیدہ ماحول میں ایک اور کہانی خاموشی سے جنم لے رہی تھی۔ یہ کسی کی بے لوث خدمت کا اثر تھا یا کسی دل سے نکلی دعا کی تاثیر کہ وہ مریض، جس کے زندہ بچنے کی امید تقریباً ختم ہو چکی تھی، حیران کن طور پر تیزی سے صحت یاب ہونے لگا تھا۔ دن ایک دوسرے کے پیچھے یوں گزرتے جا رہے تھے جیسے وقت کو بھی جلدی ہو، اور ہر گزرتے دن کے ساتھ تیمور کے دل میں اس ڈاکٹر کے لیے ایک ان دیکھا، مگر گہرا احساس جڑ پکڑتا جا رہا تھا.ایسا احساس جو آہستہ آہستہ اس کی ذات کا حصہ بنتا جا رہا تھا۔
جب بھی وہ ڈاکٹر اس کے کمرے میں داخل ہوتی، اپنے سفید اوورآل میں ملبوس، سادگی اور وقار کا حسین امتزاج بنے، تو تیمور کو یوں محسوس ہوتا جیسے اس کے جسم کے تمام زخموں کے ساتھ ساتھ اس کے دل کے زخم بھی بھرنے لگے ہوں۔ اس کی موجودگی میں ایک عجیب سا سکون تھا، ایک ایسا اطمینان جو اسے پہلے کبھی محسوس نہیں ہوا تھا۔ وہ خود کو آہستہ آہستہ اس کی طرف کھنچتا ہوا محسوس کرنے لگا، جیسے کوئی ان دیکھی طاقت اسے اس کے سحر میں جکڑ رہی ہو۔
حالانکہ اس کی زندگی میں خوبصورت اور باوقار لڑکیوں کی کبھی کمی نہیں رہی تھی، مگر نہ جانے کیوں اس سادہ سی ڈاکٹر کی معصومیت اور خلوص نے اسے مکمل طور پر اپنا اسیر بنا لیا تھا۔ اس کا وہی غرور، وہی اعلیٰ اسٹیٹس، اور اپنی شخصیت پر فخر.سب کچھ اس ڈاکٹر کے سامنے آ کر ماند پڑ گیا تھا۔ اسے پہلی بار محسوس ہوا کہ اصل کشش دولت یا رعب میں نہیں، بلکہ خلوص اور سادگی میں ہوتی ہے۔
تیمور کو ہسپتال میں داخل ہوئے اب تین مہینے گزر چکے تھے۔ اس عرصے میں اس کی حالت میں نمایاں بہتری آ چکی تھی۔ اس کی ٹانگوں سے پلاسٹر اتر چکے تھے، زخم کافی حد تک بھر چکے تھے، اور اب وہ نہ صرف آرام سے بیٹھ سکتا تھا بلکہ آہستہ آہستہ چلنے کی بھی کوشش کرنے لگا تھا۔ مگر اس سب کے ساتھ ایک اور تبدیلی بھی آ چکی تھی.اس کے دل میں ایک ایسا احساس جاگ چکا تھا، جس نے اس کی زندگی کا رخ ہمیشہ کے لیے بدل دینا تھا۔
اگلے دو تین دنوں میں تیمور کو ہسپتال سے ڈسچارج کیا جانا تھا۔ بظاہر یہ خوشی کی بات ہونی چاہیے تھی.آزادی، گھر کی راحت، اپنوں کی قربت.مگر اس کے دل میں ایک عجیب سی اداسی گھر کر گئی تھی۔ وہ اس کمرے، ان سفید دیواروں اور اس ماحول کو چھوڑنے کے خیال سے بے چین ہو اٹھتا، کیونکہ اب اس کے لیے ہسپتال صرف ایک علاج گاہ نہیں رہا تھا، بلکہ وہ ایک ایسی جگہ بن چکا تھا جہاں اس نے پہلی بار کسی کی موجودگی کو اپنی زندگی کی ضرورت بنتے محسوس کیا تھا۔ وہ چاہتا تھا کہ اس کی ہر صبح اسی طرح شروع ہو، جیسے پچھلے دنوں ہوتی رہی تھی. آنکھ کھلے تو سامنے وہی نرم لہجے میں بات کرنے والی ڈاکٹر کھڑی ہو، لبوں پر ہلکی سی مسکراہٹ، آنکھوں میں پیشہ ورانہ سنجیدگی کے ساتھ ایک ان کہی شفقت، اور وہ بس خاموشی سے اسے دیکھتا رہے… بغیر پلک جھپکائے، جیسے وقت اسی لمحے میں ٹھہر جائے۔
یہ احساس اب محض پسندیدگی تک محدود نہیں رہا تھا، بلکہ اس کے دل میں ایک مضبوط ارادہ جنم لے چکا تھا۔ اس نے فیصلہ کر لیا تھا کہ وہ اس ڈاکٹر کو اپنی زندگی کا حصہ بنائے گا، چاہے اس کے لیے اسے کچھ بھی کیوں نہ کرنا پڑے۔ اسی سوچ کے ساتھ اس نے ایک مناسب موقع کا انتظار کیا، اور جب اسے لگا کہ اب وقت ٹھیک ہے، تو اس نے ہمت جمع کی اور اس کے سامنے اپنے دل کی بات رکھ دی. بغیر کسی تمہید کے، صاف اور سیدھے انداز میں، جیسے وہ ہر مشکل کو اپنے اعتماد سے آسان بنا لینے کا عادی ہو۔
مگر اس کے الفاظ سن کر ڈاکٹر کے چہرے پر حیرت اور ناگواری ایک ساتھ ابھری۔ اس نے چند لمحے خاموشی سے تیمور کو دیکھا، پھر ایک ہلکی سی طنزیہ مسکراہٹ کے ساتھ بولی، “مسٹر تیمور، آپ میرے لیے صرف ایک مریض تھے… اور ہیں۔ آپ جیسے نہ جانے کتنے مریض روز ہمارے پاس آتے ہیں۔ تو کیا اس کا یہ مطلب ہے کہ ہر کوئی صحت یاب ہونے کے بعد مجھ سے اظہارِ محبت کرے، اور میں اس کے ساتھ زندگی گزارنے کے لیے تیار ہو جاؤں؟” اس کے لہجے میں نرمی کم اور حقیقت کی سختی زیادہ تھی، جیسے وہ کسی غلط فہمی کو وہیں ختم کر دینا چاہتی ہو۔
تیمور، جو ہمیشہ اپنی بات منوانے کا عادی تھا، اس جواب پر ایک لمحے کے لیے ٹھٹھک گیا، مگر پھر بھی اس نے ہار نہ مانی۔ اس کے لہجے میں وہی پرانا غرور لوٹ آیا، “دیکھیں، آپ مجھے کوئی عام انسان مت سمجھیں۔ ہمارا شہر میں ایک اسٹیٹس ہے، ایک نام ہے… میری مام. ” وہ ابھی اپنی بات مکمل بھی نہ کر پایا تھا کہ ڈاکٹر کے چہرے کے تاثرات یکدم بدل گئے۔
اس کی آنکھوں میں ایک تیز چمک ابھری، جیسے کسی نے اس کے دل کے زخم کو اچانک چھیڑ دیا ہو۔ وہ فوراً سیدھی کھڑی ہو گئی، اور اس کی آواز میں اب وہ نرمی نہیں رہی تھی جو ایک ڈاکٹر کے لہجے میں ہوتی ہے، بلکہ اس میں ایک دبے ہوئے غصے کی شدت شامل ہو چکی تھی۔ “میں بہت اچھی طرح جانتی ہوں کہ آپ کا اسٹیٹس کتنا ‘ہائی’ ہے، تیمور خان…” اس نے اس کا نام اس انداز میں لیا جیسے ہر لفظ میں کوئی پرانی چوٹ چھپی ہو، “ہم جیسے لوگوں کو تو آپ کی مام ویسے ہی جوتے کی نوک پر رکھتی ہیں… اور ہمیں انسان سمجھنے کی غلطی بھی نہیں کرتیں۔”
وہ ایک لمحے کے لیے رکی، جیسے اپنے جذبات کو قابو میں لا رہی ہو، پھر نہایت سخت لہجے میں بولی، “اس لیے بہتر یہی ہے کہ آپ آئندہ کبھی میرے راستے میں آنے کی کوشش نہ کریں۔”
یہ کہہ کر اس نے تیمور کو مزید کچھ کہنے کا موقع دیے بغیر رخ موڑا اور تیزی سے کمرے سے نکل گئی۔ اس کے قدموں کی آواز راہداری میں گونجتی رہی، اور تیمور وہیں بیٹھا رہ گیا. خاموش، حیران، اور پہلی بار اپنے غرور کے بوجھ تلے دبا ہوا۔ اب اسے احساس ہو رہا تھا کہ جس راستے کو وہ آسان سمجھ رہا تھا، وہ دراصل اس کی سوچ سے کہیں زیادہ مشکل اور کٹھن تھا۔
تیمور ابھی اسی جگہ ساکت کھڑا تھا، جیسے اس کے قدموں کو کسی نے زمین میں گاڑ دیا ہو۔ اس کے ذہن میں ڈاکٹر کے الفاظ بار بار گونج رہے تھے، ہر لفظ جیسے اس کے غرور پر ایک نیا وار کر رہا ہو۔ اسی کشمکش کے عالم میں اچانک راہداری کے دوسرے سرے سے تیز قدموں کی آہٹ سنائی دی۔ رضوانہ بیگم، جو اسے ڈسچارج کروانے کے لیے آئی تھیں، اپنے مخصوص رعب دار انداز میں اس کی طرف بڑھ رہی تھیں۔ مگر جیسے ہی ان کی نظر سامنے کھڑی ڈاکٹر کے چہرے پر پڑی، ان کے قدم یکدم رک گئے۔
ایک لمحے کے لیے ان کے چہرے پر حیرت، الجھن اور بے یقینی کے ملے جلے تاثرات ابھر آئے۔ انہیں اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آ رہا تھا کہ یہ وہی لڑکی ہے.وہی، جسے انہوں نے کچھ عرصہ پہلے اپنے غرور اور اسٹیٹس کے نشے میں بے رحمی سے ٹھکرا دیا تھا۔ مگر آج منظر کچھ اور تھا۔ آج وہی لڑکی پورے اعتماد، وقار اور پیشہ ورانہ عظمت کے ساتھ ان کے سامنے کھڑی تھی، اور ان کا بیٹا… اس کی آنکھیں تو ایک بالکل مختلف کہانی بیان کر رہی تھیں.ایک ایسی کہانی جس میں جھکاؤ بھی تھا، خواہش بھی، اور ایک ان کہی تڑپ بھی۔
رضوانہ بیگم نے فوراً اپنے ذہن میں اٹھنے والے اس خیال کو جھٹک دیا، جیسے وہ اسے ماننے کے لیے تیار ہی نہ ہوں۔ انہوں نے اپنی روایتی سنجیدگی اوڑھی، آگے بڑھیں اور خاموش، گم سم کھڑے تیمور کا ہاتھ تھام کر اسے ساتھ لے کر باہر کی طرف چل دیں۔ راستے بھر دونوں کے درمیان ایک عجیب سی خاموشی رہی.ایسی خاموشی جس میں بہت کچھ کہا جا سکتا تھا، مگر کچھ بھی کہا نہ گیا۔
گھر پہنچتے ہی تیمور کا ضبط جواب دے گیا۔ جیسے ہی وہ ڈرائنگ روم میں داخل ہوا، اس نے بغیر کسی تمہید کے اپنی ماں کی طرف مڑ کر قدرے سخت لہجے میں سوال کیا، “مام، ڈاکٹر زویہ آپ کو کیسے جانتی ہیں؟ اور وہ آپ کے بارے میں اس طرح کیوں بات کر رہی تھیں؟” اس کے انداز میں بے چینی بھی تھی اور غصہ بھی، جیسے وہ ہر قیمت پر سچ جاننا چاہتا ہو۔
رضوانہ بیگم ایک لمحے کے لیے خاموش ہو گئیں۔ شاید وہ الفاظ چن رہی تھیں، یا شاید اس حقیقت کا سامنا کرنے کی ہمت جمع کر رہی تھیں۔ پھر آہستہ سے بولیں، “بیٹا… یہ وہی لڑکی ہے… جس کا رشتہ دیکھنے میں تمہارے لیے گئی تھی… اور…” مگر وہ اپنی بات مکمل بھی نہ کر پائیں کہ تیمور نے بے صبری سے ان کی بات کاٹ دی۔ اس کے چہرے پر حیرت اور غصے کی ایک نئی لہر دوڑ گئی تھی، جیسے اس نے اچانک کسی ایسے سچ کو جان لیا ہو جس نے اس کی پوری سوچ کو ہلا کر رکھ دیا ہو۔
“لیکن امی… آپ نے تو مجھے کبھی اس لڑکی کی تصویر بھی نہیں دکھائی، نہ ہی اس کے بارے میں کچھ بتایا!” تیمور کی آواز میں دبے ہوئے غصے کی تپش صاف محسوس ہو رہی تھی۔ اس کی آنکھوں میں حیرت بھی تھی اور ایک گہرا شکوہ بھی، جیسے کسی نے اس سے ایک بہت اہم حقیقت چھپا لی ہو۔
رضوانہ بیگم نے نرمی سے اس کی طرف دیکھا، جیسے وہ اس کے جذبات کو ٹھنڈا کرنا چاہتی ہوں، “میرے بچے، میری جان… اب تمہیں کیا بتاتی؟ دراصل… ان لوگوں کا گھر بار، ان کا اسٹیٹس… مجھے مناسب نہیں لگا تھا۔” ان کے لہجے میں ہلکی سی جھجھک بھی تھی، مگر وہ اب بھی اپنی سوچ کو درست ثابت کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔
یہ سن کر تیمور کے اندر جیسے ایک طوفان سا اٹھ کھڑا ہوا۔ وہ اچانک سیدھا کھڑا ہو گیا، اس کے چہرے پر غصے اور تکلیف کی ملی جلی کیفیت تھی۔ “مام! بھاڑ میں گیا آپ کا یہ اسٹیٹس!” اس کے الفاظ تیز تھے، مگر ہر لفظ کے پیچھے ایک ٹوٹا ہوا دل چھپا تھا، “آپ لوگوں کو کھرے اور کھوٹے کی کوئی پہچان ہی نہیں رہی؟ ہر انسان کو بس دولت، جائیداد اور حیثیت کے ترازو میں تولتے رہتے ہیں آپ! کبھی کسی کے کردار، اس کی اچھائیوں، اس کی انسانیت کو بھی دیکھ لیا کریں!”
وہ ایک لمحے کے لیے رکا، جیسے اپنے اندر کے طوفان کو سنبھالنے کی کوشش کر رہا ہو، پھر بے بسی سے سر تھام لیا، “اوہ مائی گاڈ… مام…” اس کی سانسیں تیز ہو گئی تھیں، اور آنکھوں میں ندامت اور غصہ دونوں جھلک رہے تھے، “اور آپ نے انکار بھی کس انداز میں کیا ہوگا… یہ بھی میں اچھی طرح جانتا ہوں۔” وہ اپنی ماں کے مزاج سے بخوبی واقف تھا، اس لیے اسے کسی وضاحت کی ضرورت ہی محسوس نہیں ہوئی۔
رضوانہ بیگم اس کے اس بدلتے ہوئے انداز سے گھبرا گئیں۔ وہ فوراً اس کے قریب آئیں اور نرم لہجے میں بولیں، “بیٹا، تمہاری طبیعت ابھی پوری طرح ٹھیک نہیں ہوئی۔ آتے ہی تم نے یہ کیسی بحث چھیڑ لی؟ جاؤ، لیٹ جاؤ، آرام کرو…”
مگر تیمور نے جیسے یہ بات سنی ہی نہ ہو۔ اس نے بے بسی اور شدت سے سر ہلایا، “نہیں ہوتا آرام، مام… نہیں ہوتا!” اس کی آواز اب بھرا گئی تھی، جیسے دل کا بوجھ الفاظ میں ڈھل رہا ہو، “جس لڑکی کی عزت کو آپ ان کے اپنے گھر جا کر دو ٹکے کا بنا کر آ گئی ہیں نا… کیا آپ کو اندازہ بھی ہے کہ اگر اس رات وہ اپنی شفٹ ختم ہونے کے باوجود میرے لیے نہ رکتی… تو آج آپ کا بیٹا زندہ نہ ہوتا!”
یہ کہتے ہوئے اس کی آواز لرز گئی، اور کمرے میں ایک لمحے کے لیے خاموشی چھا گئی.ایسی خاموشی جو سچ کی شدت سے جنم لیتی ہے۔
“آپ کل میرے ساتھ چلیں گی…” اس نے دھیرے مگر مضبوط لہجے میں کہا، “اور ان کے گھر جا کر ان سے معافی مانگیں گی۔”
رضوانہ بیگم جیسے سُن ہو گئیں۔ انہوں نے بے یقینی سے اپنے بیٹے کی طرف دیکھا، “میں…؟ بیٹا… میں تمہاری ماں ہوں۔ تم یہ کیا کہہ رہے ہو؟” ان کی آواز میں صدمہ بھی تھا اور انا کا بوجھ بھی۔
مگر تیمور اب کسی تذبذب میں نہیں تھا۔ اس کی آنکھوں میں ایک پختہ فیصلہ جھلک رہا تھا۔ “میں بالکل ٹھیک کہہ رہا ہوں، مام۔ اگر آپ کل میرے ساتھ ان کے گھر نہیں گئیں… تو اس بار آپ کا بیٹا واقعی نہیں بچے گا۔” اس کے الفاظ میں کوئی چیخ و پکار نہیں تھی، مگر ایک ایسی خاموش شدت تھی جو سیدھا دل پر اثر کرتی ہے.جیسے اس نے اپنی زندگی کی سب سے بڑی ضد، سب سے سچا فیصلہ کر لیا ہو۔
“اللہ نہ کرے!” رضوانہ بیگم کے منہ سے بے اختیار نکلا، اور انہوں نے گھبراہٹ میں فوراً تیمور کے ہونٹوں پر ہاتھ رکھ دیا، جیسے وہ اس کے الفاظ کو وہیں روک دینا چاہتی ہوں۔ ان کے دل میں ایک انجانا سا خوف جاگ اٹھا تھا۔ ابھی چند لمحے پہلے تک جو عورت اپنے اسٹیٹس اور غرور کے حصار میں کھڑی تھی، وہ اب ایک ماں بن چکی تھی.صرف ایک ماں، جس کے لیے اس کے بیٹے کی سانسوں سے بڑھ کر کوئی حقیقت نہیں تھی۔
وہ تیمور کو یوں بے بس، ٹوٹا ہوا اور دیوانگی کی حد تک بے قرار دیکھ کر اندر سے ہل کر رہ گئیں۔ انہیں پہلی بار شدت سے احساس ہوا کہ قدرت کس طرح انسان کے غرور کو لمحوں میں خاک میں ملا دیتی ہے۔ جس بیٹے پر انہیں فخر تھا، جس کی ہر خواہش کو وہ اپنی انا سے بڑھ کر سمجھتی تھیں، آج وہی بیٹا ان کے سامنے کھڑا ان کے فیصلوں کے خلاف بغاوت کر رہا تھا.اور وہ بھی کسی دولت یا حیثیت کے لیے نہیں، بلکہ ایک سچے جذبے کے لیے۔
وہ جانتی تھیں کہ اولاد سے بڑھ کر دنیا میں کوئی چیز عزیز نہیں ہوتی۔ اور جب اولاد ہی کسی دکھ میں مبتلا ہو، تو ماں کا دل چاہے کتنا ہی مضبوط کیوں نہ ہو، آخرکار پگھل ہی جاتا ہے۔ ان کے لہجے کا غرور، آنکھوں کی سختی اور باتوں کا طنطنہ سب ایک لمحے میں ایسے بیٹھ گیا جیسے جھاگ بیٹھ جاتی ہے۔ انہوں نے گہرا سانس لیا، تیمور کے چہرے کو دیکھا، اور خاموشی سے سر ہلا کر اس کے ساتھ جانے کی حامی بھر لی۔
اگلے دن جب وہ دونوں زویہ کے گھر کے دروازے پر پہنچے، تو فضا میں ایک عجیب سی سنجیدگی اور بے چینی محسوس ہو رہی تھی۔ تیمور نے دروازے کی گھنٹی بجانے کے لیے ہاتھ بڑھایا ہی تھا کہ دروازہ اچانک اندر سے کھل گیا۔ سامنے زویہ کھڑی تھی۔ شاید وہ پہلے ہی دروازے کے قریب موجود تھی، یا شاید کسی انجانے احساس نے اسے دروازہ کھولنے پر مجبور کر دیا تھا۔ تیمور ایک لمحے کے لیے چونک گیا۔ اس کے چہرے پر خوشگوار حیرت ابھری، “آپ… یہاں…؟” اس کی آواز میں ہلکی سی مسکراہٹ بھی تھی اور ایک انجانی سی جھجھک بھی۔
زویہ نے اس کی بات کا کوئی واضح جواب نہ دیا، بس ہلکے سے سر ہلا دیا، جیسے وہ خود بھی اس اچانک ملاقات کے لیے تیار نہ ہو۔ اس کے چہرے پر الجھن اور سنجیدگی کے ملے جلے تاثرات تھے۔ “زویہ بیٹا، کون ہے؟ اندر تو آنے دو…” اندر سے خالدہ بیگم کی آواز آئی، اور وہ چلتی ہوئی دروازے تک آ پہنچیں۔ جیسے ہی ان کی نظر رضوانہ بیگم پر پڑی، ان کے چہرے پر ایک لمحے کے لیے حیرت ابھری، مگر انہوں نے فوراً خود کو سنبھال لیا۔ زویہ کو ہلکا سا پیچھے کرتے ہوئے انہوں نے نہایت شائستگی سے کہا، “آئیے… اندر تشریف لائیے۔”
کمرے میں داخل ہوتے ہی ایک رسمی سی خاموشی چھا گئی۔ رضوانہ بیگم نے صوفے پر بیٹھتے ہوئے ایک گہرا سانس لیا، جیسے وہ اپنے الفاظ کو ترتیب دے رہی ہوں۔ پھر انہوں نے جھجکتے ہوئے خالدہ بیگم کی طرف دیکھا، اور نہایت نرم مگر ندامت بھرے لہجے میں بولیں، “دیکھیے… میں آپ سے بہت شرمندہ ہوں۔ میں اپنے اسٹیٹس کے غرور میں اس قدر اندھی ہو گئی تھی کہ مجھے اپنے بیٹے کی خوشیاں نظر ہی نہیں آئیں۔ میں نے آپ کا دل دکھایا… آپ کی بیٹی کی عزت کو ٹھیس پہنچائی… مجھے معاف کر دیجیے۔”
ان کے الفاظ میں اب وہ رعب نہیں تھا، بلکہ ایک سچی پشیمانی تھی، جو دل سے نکل کر زبان پر آئی تھی۔ مگر خالدہ بیگم نے ان کی بات خاموشی سے سنی، اور پھر نہایت سنجیدہ انداز میں جواب دیا، “بیٹیاں اتنی سستی نہیں ہوتیں، بہن… کہ ان کی عزت کی یوں دھجیاں بکھیر دی جائیں۔” ان کی آواز نرم ضرور تھی، مگر اس میں ایک ماں کی خودداری اور وقار واضح جھلک رہا تھا، “اس لیے… ہمیں یہ رشتہ منظور نہیں۔” ان کے الفاظ نے کمرے کی فضا کو ایک بار پھر خاموشی میں ڈبو دیا.مگر اس بار یہ خاموشی پہلے سے کہیں زیادہ گہری اور معنی خیز تھی۔
رضوانہ بیگم کے لیے یہ لمحہ کسی کڑی آزمائش سے کم نہ تھا۔ انہیں یقین ہی نہیں آ رہا تھا کہ کبھی دوسروں کو ٹھکرا دینے والی وہ خود بھی اسی انداز میں رد کی جا سکتی ہیں۔ خالدہ بیگم کے انکار کے بعد انہیں یوں محسوس ہوا جیسے ان کا باقی ماندہ غرور بھی ریت کی دیوار کی طرح ڈھہ گیا ہو۔ وہ پہلی بار اپنے رویّے کی تلخی کو پوری شدت سے محسوس کر رہی تھیں.وہی تکلیف، وہی چبھن، جو انہوں نے کبھی بے نیازی سے کسی اور کے دل میں اتار دی تھی۔ اب انہیں اندازہ ہو رہا تھا کہ الفاظ کے زخم کتنے گہرے ہوتے ہیں، اور عزتِ نفس کو ٹھیس پہنچنے کا درد کتنا اذیت ناک ہوتا ہے۔
اپنے بیٹے کو کھو دینے کا خیال ان کے لیے ناقابلِ برداشت تھا۔ تیمور کی آنکھوں میں چھپی بے قراری، اس کی آواز میں لرزش، اور اس کے جذبات کی شدت نے ایک ماں کے دل کو مکمل طور پر بدل کر رکھ دیا تھا۔ وہ آہستہ سے اٹھیں، ان کے قدموں میں اب وہ رعب نہیں تھا بلکہ عاجزی کی جھلک تھی۔ انہوں نے خالدہ بیگم کے سامنے آ کر نہایت خلوص سے ہاتھ جوڑ دیے، “براہِ کرم… مجھے معاف کر دیجیے۔ میں نے واقعی بہت بڑی غلطی کی ہے۔”
ان کے اس بدلتے ہوئے انداز میں کوئی بناوٹ نہ تھی. یہ ایک ٹوٹے ہوئے غرور اور جاگتی ہوئی انسانیت کی سچی تصویر تھی۔ خالدہ بیگم نے ایک لمحے کے لیے انہیں دیکھا، جیسے وہ ان کے دل کی سچائی کو پرکھ رہی ہوں، پھر آگے بڑھ کر انہیں اپنے گلے سے لگا لیا۔ اس ایک لمحے میں نہ صرف فاصلے مٹ گئے، بلکہ وہ تمام تلخیاں بھی دھل گئیں جو چند دن پہلے ان کے درمیان دیوار بن کر کھڑی تھیں۔
یہ محض ایک معافی نہ تھی، بلکہ ایک سبق تھا. ایک ایسا سبق جس نے ایک ماں کے غرور کو خاک میں ملا کر اسے عاجزی کی حقیقت سے روشناس کر دیا تھا۔
تیمور، جو خاموشی سے یہ سب دیکھ رہا تھا، اس کے چہرے پر اطمینان کی ایک نرم سی لہر دوڑ گئی۔ اس نے محبت بھری نظروں سے زویہ کی طرف دیکھا، اور زویہ نے بھی ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ اس کا جواب دیا۔ ان دونوں کی آنکھوں میں ایک نیا آغاز جھلک رہا تھا.ایسا آغاز جو آزمائشوں سے گزر کر اور بھی مضبوط ہو چکا تھا۔اور یوں، ایک ٹوٹے ہوئے غرور، ایک سچی محبت، اور ایک ماں کی دعا نے مل کر ایک نئی کہانی رقم کر دی.ایسی کہانی جس میں جیت صرف محبت اور انسانیت کی ہوئی۔